Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

شہباز شریف کا پاک ترک تجارتی حجم 5 ارب روپے تک بڑھانے کا عزم

انقرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے گنجائش اور مواقعوں سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔
انقرہ میں پاکستان ترکی بزنس کونسل کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف ، پاکستانی اور ترک تاجروں سمیت دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس سے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے خطاب کیا ۔
شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں میں ٹیکسٹائل کی صنعت میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ ا س ضمن میں مشترکہ حکمت عملی سے صنعت کو مزید ترقی ملے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترکی کی کاروباری برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ۔ کہا کہ حکومت اس ضمن میں تمام ممکن سہولتیں فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی نے زلزلے، خوراک اور دوسری قدرتی آفات کے دوران مشکل وقت میں ایک دوسرے کی مدد کی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مشترکہ منصوبوں کے ذریعے دونوں ملک ترقی اور خوشحالی کے راستے پر تیزی سے آگے بڑھ سکتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کو اس وقت درپیش اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کررہی ہے۔
وزیراعظم نے ترک تاجروں کو پاکستان میں پن بجلی ۔ شمسی توانائی اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی بھی دعوت دی ۔
انہوں نے پاکستان میں سولر پارکس کے منصوبوں میں ترک سرمایہ کاری کو سراہا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں ڈیموں کی تعمیر کے بعد پاکستان چالیس ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت حاصل کرلے گا ۔
انہوں نے ڈیموں کی تعمیر، سستی بجلی کی پیداوار اور گاڑیوں کی تیاری کے شعبوں میں ترکی کی شاندار صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کی خواہش ظاہر کی ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں ترک سرمایہ کاری کو ترکی کی تاجر برادری کیلئے منافع بخش قرار دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.