Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

وزیر اعظم کے بیان پر افغانستان نے پاکستان سے اپنا سفیر واپس بلالیا

وزیر اعظم عمران خان کا کابل میں نگراں حکومت تشکیل دینے کی تجویز کو افغانستان نے ’غیر ذمہ دارانہ‘ قرار دیتے ہوئے پاکستان سے اپنے سفیر کو واپس بلالیا۔

افغان وزارت خارجہ کے ترجمان صبغت اللہ احمدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان نے پاکستان کے ڈپٹی سفیر کو وزیر اعظم کے ’غیر ذمہ دارانہ‘ بیان پر بحث کے لیے وزارت امور خارجہ میں طلب کرلیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کے بیان سے پاکستان کی مداخلتی پالیسی ثابت ہوتی ہے اور یہ افغانستان کی خودمختاری پر حملہ ہے‘۔ افغان سفارت خانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیانیے سے اس پیش رفت کی تصدیق ہوئی۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ افغان حکومت امن مرحلے میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے اور ان کا طالبان سے براہ راست مذاکرات کا مطالبہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے افغان حکومت کے اعتراضات کے پیش نظر طالبان رہنماؤں سے طے شدہ ملاقات منسوخ کردی ہے۔

وزیر اعظم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان میں نگراں حکومت کے قیام سے امریکا اور طالبان کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات میں مزید بہتری آئے گی کیونکہ طالبان نے موجودہ حکومت سے بات کرنے سے انکار کردیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ یہ تیسری مرتبہ کابل نے پاکستان سے امن مذاکرات پر اظہار خیال پر جواب طلب کیا جس کی وجہ سے پڑوسی ممالک میں کشیدگی کی صورتحال پیدا ہورہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.