Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن کا خاتمہ کرنے والوں کا چہرہ بے نقاب کردیا، فضل الرحمٰن

جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن کا خاتمہ کرنے والوں کا چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ براڈشیٹ نے ان کی کارکردگی کا پول کھول دیا  ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک قوم بن کر اس ملک کو بچانا ہے اور اگر یہ موجودہ حکومت رہتی ہے تو ملک کی بقا کی کوئی ضمانت نہیں دی جا سکتی لہٰذا اس ملک کو بچانا ہے تو ہم درحقیقت پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان نااہلوں سے اس قوم کو نجات دلانا قومی فریضہ بن چکا ہے اور ہم اس قومی فریضے کو ادا کررہے ہیں۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ نے کہا کہ پی ڈی ایم متحد ہے اور 5 فروری کو مظفرآباد میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں گے اور بہت بڑا مظاہرہ ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمران جیسے بے وقوف تھے، اسی طرح اپنے آپ کو بے وقوف بناتے چلے جائیں گے اور اپنے طور پر خوش ہوتے چلے جائیں گے کہ شاید ہم بہت عقلمندی کا مظاہرہ کررہے ہیں حالانکہ حماقتوں کے دریا میں ڈوبے ہوئے یہ حکمران اپنے مستقبل سے بے پروا ہیں، ان کا مستقبل تاریک ہے اور پاکستان کے عوام کی جدوجہد اور احساسات سے اس ملک کے مستقبل کو روشن بنایا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.