Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پاکستانیوں کے لیے جاپان میں ملازمتوں کے مواقع

اسلام آباد: پاکستانی ہنرمندوں کے جاپان میں روزگار کے سلسلے میں دونوں ممالک اپنے تعاون کا دائرہ وسیع کررہے ہیں۔ جاپان کو اس وقت مزدوروں کی سخت کمی کا سامنا ہے جس پر جاپانی حکومت نے خصوصی مہارت اور قابلیت کے حامل غیر ملکی انسانی وسائل کو قبول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں خصوصی ہنرمند کارکنان کے لیے ایک نیا ’اسٹیٹس آف ریزیڈینس‘ یا رہائشی حیثیت تشکیل دی گئی ہے جو یکم اپریل سے نافذ ہوچکی ہے۔

اس کے تحت جاپان کا آئندہ 5 سال کے عرصے میں 3 لاکھ 40 ہزار ہنرمند افراد کو ملازمت دینے کا ارادہ ہے۔ اسلام آباد میں جاپانی سفارت خانے میں ترقیاتی و اقتصادری شعبے کے سربراہ یوجی توکیتا کا کہنا تھا کہ ’جاپان میں پاکستانیوں کے مواقعوں کے سلسلے میں اسٹیک ہولڈرز نے دلچسپی ظاہر کی ہے اور میں نے ان مواقعوں کی تلاش کے سلسلے میں وزارت خارجہ، وزارت تعلیم، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن کمیشن اور شعبہ اقتصادی امور سے بات چیت کی ہے‘۔

حکام کے مطابق جاپانی حکومت اس ضمن میں فلپائن، کمبوڈیا، منگولیا، میانمار اور نیپال کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرچکی ہے جبکہ ویت نام کے ساتھ سمجھوتہ طے ہونے کے قریب ہے۔

اس کے ساتھ پاکستان اور جاپان کے درمیان بھی فروری میں ٹیکنیکل انٹرن ٹریننگ پروگرام کے سلسلے میں ٹوکیو میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے۔ یہ دونوں حکومتوں کے درمیان پہلا باضابطہ سمھجوتہ تھا جس سے پاکستانی کارکنان کے لیے جاپانی مارکیٹ کھلیں گی۔

یوجی توکیتا کا کہنا تھا کہ انٹرن ٹریننگ پروگرام اسکلڈ ورکر پروگرام سے مختلف ہے اور یہ نجی شعبے میں پاکستانی اور جاپانی کمپنیوں کے درمیان براہِ راست رابطہ قائم کرے گا۔

جاپانی حکام کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستانی قابلیت کو خصوصی جاپانی کمپنیاں اور کاروباری افراد زیادہ سراہیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.