Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پشاور میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل، 5 دہشتگرد ہلاک

پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7 میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان گزشتہ تقریباً 17 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید اور 5 دہشت گرد مارے گئے۔ 

پولیس نے حیات آباد کے ایک مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی پر گزشتہ رات چھاپہ مارا تو اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد اضافی نفری طلب کی گئی۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں پولیس سمیت پاک فوج کے جوانوں نے بھی حصہ لیا اور تقریباً 17 گھنٹے بعد مکان کو دہشت گردوں سے کلئیر کردیا گیا۔

آپریشن کے دوران اے ایس آئی قمر عالم شہید اور تین اہلکار زخمی ہوئے جب کہ فورسز نے 5 دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جس گھر میں دہشت گرد موجود تھے وہ ایک ماہ قبل ہی کرایہ پر لیا گیا تھا جس کا مالک بیرون ملک ہے۔

کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے بھی آپریشن کی جگہ کا دورہ کیا اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ کور کمانڈر پشاور نے افسران کو ہدایت کی کہ آپریشن کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر نہیں نہ ہو اور مکینوں کی حفاظت کے لیے احتیاط برتی جائے۔

حیات آباد آپریشن میں شہید پولیس اہلکار قمر عالم کی نماز جنازہ ملک سعد پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی جس میں وزیراعلیٰ محمود خان، کور کمانڈر پشاور شاہین مظہر محمود اور آئی جی محمد نعیم خان نے شرکت کی۔ دوسری جانب وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی کے مطابق حیات آباد میں جج اور ایڈیشنل آئی جی پر حملے کی اطلاعات تھیں جس کے پیش نظر پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.