Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پنجاب نے گندم اسد عمر کی ہدایات پر برآمد کی، سابق وزیر

پنجاب کے وزیر خوراک کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد سمیع اللہ چوہدری نے دعوٰی کیا ہے کہ اسد عمر نے اس وقت کے وفاقی وزیر خزانہ کی حیثیت سے مخالفت کے باوجود گندم برآمد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ گندم کے آٹے کے بحران سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ کی ‘سازش’ میں ملوث قوتوں کو بے نقاب کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیٹی نے کبھی بھی ان کو تحقیقات کے لیے طلب کرنے کی خواہش نہیں کی۔

اسد عمر نے بطور وفاقی وزیر خزانہ گزشتہ سال کے اوائل میں اسلام آباد میں ایک اعلٰیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی تھی اور اس وقت پنجاب میں 7.2 ملین ٹن گندم کا ذخیرہ برآمد کرنے کو کہا تھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے اس اقدام کی مخالفت کی کیونکہ حکومت کو برآمدات کے لیے سبسڈی (دنیا کے نرخوں سے اناج مہنگا ہونے کی وجہ سے) فراہم کرنا ہوگی‘۔

انہوں نے کہا کہ ‘میں نے ان سے کہا کہ ملک سبسڈی دینے کا متحمل نہیں ہے اور اسٹاک کو مقامی مارکیٹ میں فروخت کرنے کا مشورہ دیا ۔(مقامی آبادی کی بھلائی کے لیے)، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں فلور ملوں کو اب بھی سبسڈی مل رہی ہے’۔

سمیع اللہ چوہدری نے بتایا کہ انہوں نے ایف آئی اے کی ڈی جی کی زیر قیادت انکوائری کمیٹی کو بھی اپنی رپورٹ میں اس حقیقت کو شامل کرنے کو کہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اسلام آباد اور کے پی ملوں کو فراہم کی جانے والی گندم پر دی جانے والی سبسڈی کی قیمت، پنجاب غیر منصفانہ طور پر اٹھا رہا ہے، فائدہ اٹھانے والوں کو لازمی طور پر اس کی ذمہ داری بانٹنی چاہیے‘۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.