Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پولیس کے اعلیٰ افسر نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی

روات پولیس ٹریننگ اسکول کے پرنسپل ایس ایس پی ابرار حسین نیکوکارہ نے خودکشی کرلی ہے جس کے بعد ان کی آخری تحریر بھی سامنے آ گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایس ایس پی ابرار حسین ڈپریشن کا شکار اور ماہر نفسیات کے زیر علاج تھے۔ وہ پولیس ٹریننگ اسکول کے احاطہ میں واقع سرکاری رہائشگاہ میں بیوی اور دو بچوں کے ہمراہ رہائش پذیر تھے۔

ایس ایس پی کی خودکشی کی اطلاع ملنے پر آرپی او راولپنڈی اور سی پی او سمیت دیگر سینئرپولیس افسران پولیس ٹریننگ اسکول روات پہنچ گئے جب کہ راولپنڈی پولیس نے بھی ابرار حسین نیکو کارہ کی خودکشی کی تصدیق کردی ہے۔

سی پی او راولپنڈی کے مطابق بظاہر خودکشی فائر آرم کے ذریعہ کی گئی ہے ،خود کشی کا نوٹ بھی جاۓ وقوعہ سے ملا ہے تاہم پوسٹ مارٹم کے بعد  مزید تفصیلات سامنے آ سکیں گی۔

میاں ابرار حسین نیکوکارہ چنیوٹ کے نواحی علاقہ ہرسہ شیخاں کے رہنے والے تھے ،انہوں نے 18 جنوری 2019 کو  پی ٹی ایس روات کے پرنسپل کا چارج لیا اور  تقریباً ایک سال سے وہ اس عہدے پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ایس ایس پی میاں ابرار حسین سی ٹی او فیصل آباداور ڈی پی او خوشاب بھی تعینات رہے. ایس ایس پی نے اپنی آخری تحریر سرخ روشنائی سے لکھی ، خط میں لکھا کہ انسان خود کشی تب کرتا ہے جب وہ بیزارہو جاتا ہے، اس کو تخلیق کی سمجھ آ جاتی ہے ، سمجھدار انسان اپنی جان لیتا ہے تو رویا نہیں کرتے ،فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے والدہ اور اہلیہ سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ کوئی شخص ان کی موت کا ذمہ دار نہیں ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.