Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پہلے امریکہ کیساتھ انخلا پر بات کرینگے پھر افغانستان کے اندرونی معاملات پر، طالبان

ماسکو: روس کے شہر ماسکو میں افغان امن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں طالبان کے وفد نے کہا ہے کہ افغانستان حکومت کیساتھ مذاکرات کرنے سے پہلے امریکہ کیساتھ بات چیت کریں گے جس میں افغانستان سے غیر ملکی افواج کا انخلاء بھی شامل ہے۔
طالبان کے وفد کے ایک رکن شیر محمد عباس ستانکزئی کا کہنا تھا کہ ان کے لئے مذاکرات کا عمل دو مرحلوں پر مشتمل ہے، پہلے امریکہ کیساتھ بات چیت ہوگی اس کے بعد افغانستان کیساتھ مذاکرات کریں گے۔
انہوں نے افغانستان سے امریکہ اور غیر ملکی فوجیوں کے انخلا کا دیرینہ مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے پہلے مرحلے میں امریکیوں کیساتھ امریکہ سے متعلق امور پر بات کریں گے۔
ان کے مطابق ان امور میں افغانستان سے فوجیوں کا انخلا، بلیک لسٹ، قطر میں طالبان کے دفتر کو تسلیم کرنا اور دیگر شامل ہیں۔
محمد عباس ستانکزئی نے مزید کہا کہ وہ افغانستان میں موجودہ حکومت کو بھی قانونی تسلیم نہیں کرتے، مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں افغانستان کیساتھ آنے والی حکومت، آئین اور دیگر معاملات پر مذاکرات کریں گے۔
ستانکزئی نے کہا کہ طالبان کو افغانستان میں خواتین کی تعلیم اور دفاتر میں خواتین کے کام کرنے سے کوئی مسئلہ نہیں، طالبان نے اپنے دور حکومت میں بھی اس پر کوئی پابندی نہیں لگائی تھی، اس سلسلے میں طالبان کے خلاف منفی پروپیگنڈہ چلایا ہے۔
طالبان کے نمائندہ نے ان الزامات کی بھی تردید کر دی کہ گویا انہیں روس سے اسلحہ مل رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.