Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پہلے وزیراعظم ہیں جو کشکول لےکرخود آئی ایم ایف سےملنےگئے۔ترجمان مسلم لیگ(ن)

اسلام آباد:‎پاکستان مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نےحکومت اورآئی ایم ایف کےدرمیان طےپائےگئےپروگرام پر ردعمل کا اظہار کرتےہوئےکہاکہ(ن)لیگ نےمہنگائی کا بوجھ اُتارنےاورمعاشی استحکام لانےکیلیے2015میں آئی ایم ایف پروگرام ختم کردیاتھا،پہلے وزیراعظم ہیں جو کشکول لےکرخود آئی ایم ایف سےملنےگئے۔

مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ‘‎عمران صاحب، ہم نہیں چاہتے آپ خودکشی کریں کیونکہ خودکشی حرام ہے مگر جھوٹ اور یوٹرن پر کم از کم معافی تو مانگیں’۔

یاد رہےکہ وزیراعظم عمران خان نے(ن) لیگ کےدورحکومت کےدوران جلسےسےخطاب میں کہاتھاکہ وہ آئی ایم ایف میں جانے کے بجائے خودکشی کو ترجیح دیں گے۔

ترجمان(ن)لیگ نےسوال کیاکہ چوروں کی طرح آئی ایم ایف سےخفیہ شرائط طےکرنےکی بجائے پارلیمان کو آگاہ کیوں نہیں کیا جارہا۔

مریم اورنگزیب نےکہاکہ نااہل حکومت نےاپنی نااہلی کاسارا بوجھ عوام پرڈال دیا ہے،جس ٹیم پروزیراعظم کوخود اعتماد نہیں،اُس پر عوام کیسے اعتماد کرے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎آئی ایم ایف کی شرائط پر بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کیا گیا، یوٹیلیٹی اسٹور بند اور حج سبسڈیز ختم کردی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جھوٹی اور نالائق حکومت قوم کو دھوکہ دے رہی تھی، حکومت چور دروازے سے آئی ایم ایف سے پیکج ڈیل پہلے ہی فائنل کرچکی تھی، ‎نالائق، عوام دشمن حکومت آئی ایم ایف سے طے پانے والی شرائط چھپا کیوں رہی ہے۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ‎آئی ایم ایف پیکج سے عوام کے لئے مہنگائی کا نیا سونامی آنے والا ہے، قوم کو بتائیں کہ نئےآئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکج میں گیس، بجلی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید کتنا اضافہ ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے سوال کیا کہ عمران صاحب بتائیں، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کی تعمیر پر کیا طے ہوا، روپے کی قدر میں مزید کمی، ڈالر کی قیمت میں اضافے اور اشیاء کی قیمتیں بڑھنے سے معاشی قیامت کا منظر پیدا ہوجائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم کو بتائیں نئے آئی ایم ایف پیکج سے افراط زر میں مزید کتنے فیصد اضافہ ہوگا اور جی ڈی پی گروتھ ریٹ کتنے فیصد بڑھےگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.