Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پیسےکے بغیر سیاسی جماعت کیسے چل سکتی ہے؟، عمران خان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پیچھے سے ڈوریوں کو ہلایا جاتا ہے، الیکشن کمیشن نے اپنی حدود سے نکل کر فیصلہ دیا، یہ فارن فنڈنگ نہیں ، اوورسیز پاکستانیوں نے پیسے دئیے، ایسا کیا غلط کیا جس پر نااہلی اور کارروائی کی باتیں شروع ہوگئیں، پیسےکے بغیر سیاسی جماعت کیسے چل سکتی ہے؟ حکومت نے تمام حربوں میں ناکامی کے بعد ای سی پی کو استعمال کیا۔ اڑھائی سال سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے لیے کوششیں کررہا تھا، جب ای وی ایم آئے گی تو خفیہ ہاتھوں کی گیم ختم ہو جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کے دوران کارکنوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کوقلعہ بنادیا گیا ایسے لگا جیسے کوئی باہر سے حملہ کرنے لگا ہے، آئین ہمیں پرامن احتجاج کی اجازت دیتا ہے، 26سال سے ہمیشہ کوشش رہی آئین وقانون کے اندر رہ کراحتجاج کریں، ان کواتنا خوف کیوں ہے، یہ سمجھنا بہت ضروری ہے ان کو اتنا خوف کیوں ہے،انہوں نے سازش کے تحت ہماری حکومت گرائی تھی،یہ سمجھ رہے تھے کہ شائد لوگ مٹھائیاں بانٹیں گے،اللہ نے لوگوں کے دل ایسے موڑے عوام سڑکوں پرآگئی، ہم نے 25 مئی کو پُر امن احتجاج کی کال دی،انہوں نے 25 مئی کو ظلم کیا کبھی نہیں بھولوں گا،25مئی کو شیلنگ، گرفتاریاں کر کے ظلم کیا گیا، ایسے لگا جیسے کوئی دشمن کی فوج آگئی ہو،یہ سمجھ رہے تھے عوام خوف میں آجائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں پنجاب کی انتظامیہ کو خفیہ مدد مل رہی تھی،ضمنی الیکشن میں ان کو سب سے بڑا جھٹکا پڑا،دھاندلی کے باوجود یہ ضمنی الیکشن ہار گئے، چیلنج کرتا ہوں مظفرگڑھ کی سیٹ کو جب بھی کھولا جائے گا دھاندلی سامنے آئے گی،انہوں نے ہماری پارٹی توڑنے کے لیے بھی پیسہ چلایا،جب یہ تمام حربوں میں فیل ہوئے تو انہوں نے آخر میں الیکشن کمیشن کو استعمال کیا،بھٹو کو جب قتل کیا گیا تو ان کو خوف تھا اگر عوام میں آ گیا تو سنبھالا نہیں جائے گا،جن لوگوں نے بھٹوکا جوڈیشل قتل کیا یہی لوگ تب تھے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ان کی سنیئر لیڈر شپ جا کر کہتی ہے تحریک انصاف کا فیصلہ جلدی کرو، الیکشن کمیشن نے اپنی حدود سے باہر نکل کر کچھ فیصلے کیے، ان کو خوف ہے قوم آزاد ہو رہی ہے اور سنبھالی نہیں جا رہی، الیکشن کمیشن کو ایسا بنادیا ہے جس کے ذریعے حکومتوں کو کنٹرول کیا جاتا ہے، اڑھائی سال سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے لیے کوششیں کر رہا تھا، جب ای وی ایم آئے گا تو خفیہ ہاتھوں کی گیم ختم ہوجائے گی، جب ووٹنگ ختم ہوتی ہے تو ہر قسم کے حربے استعمال کیے جاتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.