Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پی ٹی آئی نے مالداروں اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو 52کھرب روپے کی ٹیکس رعایتیں دیں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی کے4سالہ دور حکومت میں مالداروں اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو 52کھرب روپے کی ٹیکس رعایتیں دی گئیں۔

موجودہ مالی سال میں اس مد میں دی گئی رعایتوں کا حجم 17کھرب 60ارب روپے ہے۔ یہ انکشاف پاکستان اکنامک سروے برائے 2021-22میں کیا گیا۔ سروے رپورٹ کے مطابق صرف ایک سال کے دوران ٹیکس رعایتوں میں 443ارب روپے یا 34فیصد کا اضافہ ہوا۔ یہ ایک سال میں ٹیکس رعایتوں کی مد میں دی گئی سب سے بڑی رقم ہے۔

پی ٹی آئی حکومت نے 4سال کے دوران مجموعی طور پر 52کھرب روپے کی ٹیکس رعایتیں دیں۔ یہ رقم رواں مالی سال میں ایف بی آر کے جمع کردہ ٹیکس کا 87فیصد بنتی ہے۔ یہ ٹیکس رعایتیں ماضی میں بھی منظور کی جاتی رہی ہیں ۔ انھیں ٹیکس قوانین کے تحت تحفظ حاصل ہے۔

پی ٹی آئی سمیت کوئی بھی حکومت ان رعایتوں میں کمی نہیں لاسکی۔ اقتصادی سروے کے مطابق رواں مالی سال میں انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی کی مد میں ٹیکس رعایتوں کا حجم 17کھرب57ارب روپے ہے۔ البتہ انکم ٹیکس کی مد میں دی جانے والی چھوٹ اور رعایت میں48.38ارب روپے کی کمی ہوئی ہے۔

سابق حکومت نے رواں مالی سال کے دوران انکم ٹیکس۔ سیلز ٹیکس اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 1757.035ارب روپے کی چھوٹ اور مراعات دیں ۔ پچھلے مالی سال 2020-21 کے دوران انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں مجموعی طور پر1314.273ارب روپے کی چھوٹ اور رعایت دی گئی تھیں۔

مالی سال2021-22 کے دوران انکم ٹیکس کی مد میں399.662ارب روپے کی چھوٹ اور رعایات دی گئیں ۔ سیلز ٹیکس کی مد میں سب سے زیادہ چھوٹ و مراعات چھٹے شیڈول کی درآمدات پر دی گئی ہے جس میں 203 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پانچویں شیڈول کے تحت حاصل زیرو سیلز ٹیکس کی سہولت میں پچھلے سال کے مقابلے میں12فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.