Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

چترال:پل پار کرتے ہوئےگاڑی دریا میں جاگری، 4افراد جاں بحق

چترال کے بالائی علاقہ یارخون اوناوچ میں پل عبور کرتے ہوئے گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر دریائے یارخون میں جاگری جس کے نتیجے میں اب تک 4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 5فراد کی تلاش جاری ہے۔

چترال شہر سے یارخون جانے والی کار کو حادثہ اتوار 30مئی کی شب ایک بجے پیش آیا۔ حادثے میں 11افراد ڈوب گئے تھے جس میں سے 2 افراد کو مقامی لوگوں نے رسی کی مدد سے دریا سے نکال لیا تھا تاہم بقیہ کی تلاش شروع کی گئی۔مقامی لوگوں کے مطابق گاڑی پل کے وسط سے جنگلا توڑتی ہوئی دریا میں گری۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی چترال شہر سے ریسکیو 1122 کی ٹیم ریکوری وہیکل کے ساتھ تقریبا 9 گھنٹے کی مسافت طے کرکے جائے حادثے پہنچی  اور کار باہر نکالی۔ گاڑی کے اندر سے تین لاشیں بھی برآمد ہوئیں جبکہ ایک لاش نزدیکی گاؤں سے مقامی لوگوں نے برآمد کرلی تھی۔ ریسکیو آپریشن میں آغا خان ایجنسی فار ہیبٹاٹ  (اکاہ) اور مقامی رضاکاروں نے بھی حصہ لیا۔ حادثے کا شکار ہونے والوں میں ڈرائیور مغل خان کے علاوہ سابق ممبر ضلع کونسل اسرار احمد اور ان کی بہو بیگم شہزاد، دیدار الدین اور زوجہ دیدار الدین، امید نبی، اعجاز، سلطان اور افتاج خان شامل ہیں۔

حادثے میں زندہ بچنے والوں میں پاک پتن پنجاب سے تعلق رکھنے والا محمد ارشاد اور لون چترال کے حاجی علی ہیں جوکہ پیشے کے لحاظ سے بلڈنگ کے رنگساز ہیں اور ایک مقامی زیر تعمیر اسکول میں کام پر جا رہے تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر مستوج شاہ عدنان نے بتایا کہ یہ حادثہ گاڑی کی اوور لوڈنگ کی وجہ سے پیش آیا ہے کیونکہ پل کا پورا اسٹرکچر اپنی جگہ قائم ہے جبکہ یارخون کے لیے سروس کرنے والے گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو اوور لوڈنگ پر بار بار تنبیہ کی جاتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.