Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کالعدم تحریک لبیک کا اسلام آباد کیطرف مارچ، جھڑپوں میں 3 پولیس اہلکار شہید

حکومت نے کالعدم ٹی ایل پی سے عسکریت پسند تنظیم کے طور پر نمٹنے کا فیصلہ کر لیا

کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے کارکنوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی طرف مارچ شروع کردیا۔حکومتی ذرائع کے مطابق سادھوکی میں پولیس نے کالعدم تنظیم کے کارکنوں کومنتشر ہونے کی ہدایت کی۔

بعدازاں پولیس نے کالعدم تنظیم کےکارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور شلینگ کی جس کے جواب میں مظاہرین نے پتھراؤ کیا۔ سادھوکی میں جھڑپ کے دوران متعدد مظاہرین اورپولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ احتجاج کی وجہ سے مقامی آبادی متاثر ہورہی ہے اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک معطل ہے۔

6 روز سے جاری احتجاج کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور پولیس نے مارچ کے شرکا کو روکنے کیلئے راستے بلاک کررکھے ہیں۔ کالعدم تحریک لبیک کے احتجاج میں مزید تین پولیس اہلکارشہید ہوگئے جبکہ احتجاج کے دوران تشدد سے بہت سے پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

احتجاج کے آغاز سے اب تک 5 پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں اور مظاہرین کی طرف سے پولیس کی گاڑیاں بھی جلائی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور میں 2 اہلکار شہید ہوئے تھے۔ دوسری جانب راولپنڈی میں بھی سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ پولیس نے  اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والی مرکزی شاہراہیں سیل کردی ہیں جس کے باعث متبادل راستوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا۔ ٹریف جام کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا اور مریضوں کا اسپتال جانا بھی مشکل ہوگیا۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کالعدم تنظیم کے مطالبات ماننے سے انکار کردیا ہے اور راستے بند کرنیوالوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے۔  وفاقی حکومت نے گزشتہ کئی روز سے دھرنا دینے والی کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے عسکریت پسند تنظیم کے طور پر نمٹنے اور ان کیخلاف آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اب کالعدم ٹی ایل پی کو سیاسی جماعت کے طور پر نہیں دیکھا جائے گا بلکہ اسے ایک عسکری تنظیم کے طور پر لیا جائے گا اور جیسے دیگر عسکریت پسند تنظیموں سے نمٹا گیا ٹی ایل پی سے بھی اسی طرح نمٹا جائے گا۔

قبل ازیں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی کابینہ اجلاس میں کالعدم ٹی ایل پی کے تمام مطالبات ماننے سے انکار کردیا ہے اور راستے بند کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ آئی جی پنجاب پولیس کالعدم ٹی ایل پی کیخلاف آپریشن کی تفصیلات پیش کریں گے۔ فواد چوہدری نے دیگر ریاستی اداروں سے بھی درخواست کی کہ وہ ٹی ایل پی سے متعلق اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.