Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

تحریک لبیک کا احتجاج جاری، مظاہرین کا جی ٹی روڈ پر پڑاؤ

کالعدم تنظیم کا احتجاج ساتویں روز میں داخل ہوگیا اور مظاہرین گزشتہ رات سے کامونکی میں موجود ہیں۔  اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے والے کالعدم تنظیم کے کارکنوں نے کامونکی جی ٹی روڈ پر پڑاؤ ڈال دیا ہے، مظاہرین نے مارچ کو آگے بڑھانے کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں، شہراور جی ٹی روڈ میں کاروباری مراکز بند ہیں جب کہ جی ٹی روڈ پر دکانوں اور ریسٹورینٹس کو بھی بند کروا دیا گیا۔

جی ٹی روڈ اور ملحقہ علاقوں میں سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بھی نہیں کھلے، کامونکی میں انٹر نیٹ سروس بھی بند ہے۔  دریائے چناب پل کے قریب جی ٹی روڈ پر خندق کھودی گئی ہے اور کنٹینربھی رکھے گئے ہیں جب کہ وزیرآباد سے سیالکوٹ جانے والی سڑک کی کھدائی کرکے دونوں شہروں کا زمینی رابطہ منقطع کردیا گیا ہے۔ ادھر سادھوکی کے مقام پر کھودے گئے گڑھوں کی مرمت کا کام بھی شروع نہیں ہوسکا۔ راولپنڈی میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے اور  مری روڈ ٹریفک کے لیے مکمل بند ہے جب کہ راولپنڈی میٹروبس سروس تا حکم ثانی بند ہے۔

واضح رہےکہ حکومت نے کالعدم تنظیم سے عسکریت پسند تنظیم کی طرح نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے اور پنجاب بھر میں دو ماہ کے لیے رینجرز بھی تعینات کردی گئی ہے۔ کالعدم تحریک لبیک کے احتجاج میں گزشتہ روز مزید تین پولیس اہلکارشہید ہوگئے جب کہ احتجاج کے دوران تشدد سے بہت سے پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.