Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کورونا وائرس: ملک میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن، فعال کیسز ساڑھے 25 ہزار رہ گئے

اللہ کے فضل سے پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک میں 2 لاکھ 76 ہزار 288 کیسز میں 2 لاکھ 44 ہزار 883 صحتیاب ہوچکے ہیں جو 88 فیصد سے زائد ہے اور فعال کیسز ساڑھے 25 ہزار سے زائد رہ گئے ہیں۔

آج 29 جولائی کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 245 کیسز کا اضافہ ہوا جبکہ 2 ہزار 447 لوگ مزید شفایاب بھی ہوگئے۔ خیال رہے کہ جولائی کے مہینے سے ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں کمی دیکھی جارہی ہے جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ تاہم حکومتی عہدیدار کورونا کی صورتحال میں بہتری کے باوجود عوام کو خبردار کررہے ہیں کہ عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کے موقع پر احتیاطی تدابیر لازمی اپنائیں ورنہ صورتحال دوبارہ سے خراب ہوسکتی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید 173 افراد کو متاثر کیا۔ سرکاری سطح پر قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں ان نئے 173 کیسز کے بعد مجموعی کیسز 92 ہزار 452 تک پہنچ گئے۔ مزید برآں صوبے میں مزید 8 اموات نے مجموعی تعداد کو 2 ہزار 133 تک پہنچا دیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کورونا وبا نے مزید 25 افراد کو متاثر کردیا۔ سرکاری اعداد و شمارکے مطابق ان نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 14 ہزار 963 تک جاپہنچی۔

آزاد کشمیر

ملک میں دوسرے نمبر پر کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وبا کے مزید 15 کیسز کی تصدیق ہوئی۔ اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں وائرس نے مزید 15 لوگوں کو متاثر کیا جس سے مجموعی کیسز 2 ہزار 55 تک پہنچ گئے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے جو دیگر فعال کیسز کے لیے امید کی کرن ہے۔ اس وقت ملک میں 88 فیصد لوگ شفایاب ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 447 لوگ ایسے تھے جنہوں نے اس وائرس سے شفا پائی۔ جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 44 ہزار 883 ہوگئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.