Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کوہستان ویڈیو اسکینڈل کو منظر عام پر لانےوالےافضل کوہستانی قتل

ایبٹ آباد: کوہستان ویڈیو اسکینڈل کو منظر عام پر لانےوالےافضل کوہستانی کو فائرنگ کرکےقتل کردیا گیا۔پولیس کےمطابق ایبٹ آباد میں گامی اڈہ کے قریب چلڈرن اسپتال روڈ پر نامعلوم افراد نےفائرنگ کی جس کےنتیجےمیں کوہستان ویڈیو اسکینڈل کےمدعی افضل کوہستانی جاں بحق ہوگئے جب کہ فائرنگ سے 3 راہ گیر بھی شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

اس حوالے سےپولیس نےدعویٰ کیا ہےکہ موقع سے فیض الرحمان نامی ایک شخص کو آلہ قتل سمیت گرفتار کیاگیا ہےجس کے پاس سے ایک پستول برآمد ہوا اور ملزم مقتول افضل کوہستانی کا بھانجا ہے۔

دوسری جانب ملزم فیض الرحمان نےاپنےبیان میں کہا ہےکہ وہ مقتول افضل کے ساتھی اور محافظ کے طور پر اکثر ساتھ رہتا تھا اور افضل پر حملے کے بعد اس نے بچاؤ کے لیے فائرنگ کی تاہم اس دوران پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ گزشتہ رات پوسٹ مارٹم کے بعد افضل کوہستانی کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی تھی جب کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

ادھر افضل کوہستانی کے ورثا نے لاش اسپتال سےلے جانے سے انکار کردیا اور پولیس تھانہ کینٹ کے سامنے سراپا احتجاج ہیں۔

مقتول کے بھائی نصیر نے کہا کہ 2012 سے ہم کہہ رہے تھے افضل کو خطرہ ہے حکومت نے کچھ نہیں کیا،افضل کا کیس اہم موڑ پر تھا اسے منصوبہ بندی سے قتل کرایا گیا ہے۔

انہوں نے پولیس پر شک ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تھانے کے قریب میرا بھائی قتل ہوا ملزم کیسے فرار ہوسکتے ہیں؟ ایس ایچ او کینٹ عبدالغفور مخالفین سے ملا ہوا ہے، پہلے بھی تین بھائیوں کو مخالفین نے قتل کیا تھا۔

انہوں نے ملزم فیض الرحمان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھائی کے قتل کاعینی شاہد ہے جب تک درست ایف آئی آر درج نہیں ہوگی احتجاج جاری رہےگا۔

افضل کوہستانی کوہستان کی یونین کونسل گدار کا رہنے والا تھا جو مئی 2012 میں رسم و رواج میں جکڑی کوہستان کی قبائلی خواتین کے لیے ایک مثبت کردارکے طور پر سامنے آیا تھا۔

2012 میں کوہستان میں ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں شادی کی ایک تقریب میں چار لڑکیاں تالیاں بجا رہی تھیں اور دو لڑکے روایتی رقص کررہے تھے۔

ویڈیو منظر عام پرآنےکےبعد افضل کوہستانی نےدعویٰ کیا تھا کہ وڈیو میں نظرآنےوالی لڑکیوں اوران کی کم عمر مددگار شاہین کو ذبح کر کےقتل کردیاگیا ہےجبکہ ویڈیو اسکینڈل منظرعام پرلانے کے بعد افضل کےدو بھائیوں کو انکےآبائی علاقےمیں قتل کر دیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.