Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ, مجموعی تعداد 519 ہوگئی

کورونا سے انتقال کرنیوالوں کو تابوت میں دفنانے کی ہدایت

 پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 519 ہوگئی ہے۔

سندھ

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق تفتان میں موجود زائرین میں سے مزید 15 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے  جس کے بعد وائرس میں مبتلا زائرین کی تعداد 166 ہوگئی  اور  کراچی میں مجموعی طور پر 101کیسز ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ سندھ بھر میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 267 ہوگئی ہے جن میں سے تین مریض صحت یاب ہوئے جب کہ 264 کا علاج جاری ہے۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے کنفرم کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے اور محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹے میں مزید 16کیسز سامنے آنےکےبعد مریضوں کی مجموعی تعداد 96 ہوگئی ہے جب کہ جہلم میں بھی کورونا کیس سامنے آگیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے سوشل میڈیا پر تصدیق کی کہ صوبے میں کورونا مریضوں کی تعداد 96 ہوچکی ہے، ان میں سے 71 زائرین ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس کے 11 نئے کیسز رپورٹ ہونے سے مصدقہ کیسز کی تعداد 92ہوگئی جب کہ 371 افراد کے ٹیسٹ کی رپورٹ آنی باقی ہے۔محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے شبے میں قرنطینہ میں منتقل کیے گئے مزید 11 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں کل کیسز کی تعداد 92 ہوگئی ہے۔

گلگت

گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز کی تعدا دمیں اضافہ ہوا ہے اور مزید 9 کیس سامنے آنے کے بعد تعداد 30 ہوگئی۔

اسلام آباد

 اسلام آباد میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا اب تک ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہے۔

کورونا سے انتقال کرنیوالوں کو تابوت میں دفنانے کی ہدایت

خیبر پختونخوا کے محکمہ ریلیف و بحالی نے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی تدفین سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کردی ہیں۔محکمے نے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کا غسل اور تدفین کرنے والوں کو ماسک، دستانے اور دیگر حفاظتی تدایبر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کو پلاسٹک کور میں بند کرکے تابوت میں دفن کیا جائے، غسل کے دوران استعمال ہونے والے اشیاء کو فوری تلف کیا جائے جب کہ قریبی رشتہ داروں کو میت تابوت کے گلاس پین ونڈو میں دیکھنے کی اجازت ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.