Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پسند کی شادی، نکاح پڑھانے پر جامعہ حقانیہ کے نائب مفتی قتل

نوشہرہ میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کا نکاح پڑھوانے پر لڑکی کے بھائی نے جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے عالم دین کو قتل کر دیا۔ جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز مقتول مفتی غلام حسین نے لڑکی کا نکاح پڑھوایا تھا جس پر اس کے والدین اور گھر والے ناراض تھے۔

بعد ازاں لڑکی کے بھائی نے دارالافتاء کے نائب مفتی حضرت مولانا مفتی غلام حسین حقانی پر فائرنگ کی، گولیاں لگنے سے وہ شدید زخمی ہوئے اور بعدازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔

قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلکس میں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثا کے حوالےکر دی گئی جبکہ مقتول کے بھائی حزب اللہ حقانی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ کیپٹن (ر) نجم الحسنین کے مطابق واقعہ میں ملوث ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم نوشاد کے قبضہ سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عدالت سول جج/جوڈیشنل مجسٹریٹ نوشہرہ نے ملزم نوشاد ولد شمشاد ساکن عجیب آباد کو دو روزہ جسمانی ریمارنڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.