Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کابل ایئرپورٹ بند، اسپیکر قومی اسمبلی کا جہاز واپس

قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصرکی سربراہی میں پارلیمانی وفد کا دورہ کابل ملتوی ہوگیا، نمائندہ خصوصی برائے افغانستان صادق خان نے بتایا کہ جہازکے کابل ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے پہلے کنٹرول ٹاور نے ایئرپورٹ بندش سے آگاہ کیا، دورے کی نئی تاریخ کا اعلان دونوں ممالک کی مشاورت سے دوبارہ کیا جائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پارلیمانی وفد کے ہمراہ آج افغانستان روانہ ہوئے ، وفدمیں نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمدصادق خان، رکن پارلیمان غلام مصطفیٰ شاہ کے علاوہ ساجد خان، رانا تنویر، گل داد خان، شیخ یعقوب اور شاندانہ گلزار بھی شامل تھے۔ پاکستانی پارلیمانی وفد نے 8 سے 11 اپریل تک افغانستان کا دورہ کرنا تھا، وفد نے افغان صدر اشرف غنی، وزیر خارجہ اور افغان پارلیمنٹ کے اسپیکر سے ملاقاتیں کرنا تھیں۔

پارلیمانی وفد کے دورہ کا مقصد پاکستان، افغانستان میں اعتماد کا فقدان ختم کرنا اور افغانستان کے راستے وسط ایشیائی ممالک کیلئے برآمدات میں رکاوٹوں کا معاملہ اٹھایا جانا تھا۔

ملاقاتوں میں افغانستان کے ساتھ پاکستانی برآمدات وتجارت بڑھانے پر بات ہونا تھی اور افغان سرمایہ کاروں کو رشکئی اکنامک زون میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی سے متعلق اموع زیر بحث آنا تھے۔

ذرائع کے مطابق دورے میں افغانستان کو پاکستان میں ہیلتھ ٹورزم کے فروغ پر دعوت اور پاک افغان سرحد پربسنے والی آبادی کیلئے معاشی مواقع پیدا کرنے پربات چیت شیڈول تھی۔ واضح رہے کہ کابل کی شاہراہوں کو پاکستان اور افغانستان کے پرچموں سے سجا یا گیا تھا جبکہ کابل کی سڑکوں پرپاکستان اور افغانستان کے اراکین پارلیمنٹ کی تصویریں بھی لگائی گئی تھیں اور کابل کے اہم مقامات پر خیرمقدمی بینرز بھی لگائے گئےتھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.