Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

حکومت بچاؤ مشن، وزیراعظم عمران خان آج کراچی پہنچیں گے

بزدار کو نہیں ہٹایا تو عدم اعتماد میں سارے آپشنز کھلے ہیں: رہنما ترین گروپ

وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے ہمراہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزراء بھی کراچی پہنچیں گے، وزیر اعظم عمران خان ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادر آباد بھی جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نیشنل اسٹیڈیم میں احساس پروگرام کے تحت تقریب میں شرکت کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم سے گورنر ہاؤس میں پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی اور  پارٹی رہنما ملاقات کریں گے۔ تاہم وزیر اعظم کی پیر پگارا سے ملاقات نہیں ہو سکے گی، جی ڈی اےرکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے کہاکہ پیر پگارا کی طبیعت ناسازی کےباعث ملاقات نہیں ہو گی، پیرصدرالدین شاہ ذاتی مصروفیات کے باعث خیرپور میں ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم گورنر ہاؤس میں عوامی اجتماع میں شرکت اور خطاب بھی کریں گے اور آج شام ہی واپس روانہ ہو جائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی جس پر وزیراعظم عمران خان نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کہیں نہیں جا رہی، یہ اپوزیشن کی آخری واردات ہے، اس کے بعد 2028 تک کچھ نہیں ہو گا۔

دوسری جانب جہانگیر ترین گروپ کے رہنما سلمان نعیم نے کہا ہےکہ اگرعثمان بزدار کو نہیں ہٹایا گیا تو تحریک عدم اعتماد میں ترین گروپ کے سارے آپشنز کھلے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان نعیم نے کہا کہ پرویز خٹک کے ذریعے وزیراعظم کو پیغام پہنچا دیا کہ مائنس عثمان بزدار کے بعد ہی اب آگے بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگرعثمان بزدار کو نہیں ہٹایا گیا تو تحریک عدم اعتماد میں ترین گروپ کے سارے آپشنز کھلے ہیں۔

ترین گروپ کے رہنما  کا کہنا تھا کہ  پرویزالہٰی میں ایسی کیا خاص بات ہے کہ 40  نشست والوں کو چھوڑ کر انہیں وزیراعلیٰ بنایا جائے ، ایسا نہیں چلے گا۔ خیال رہے کہ سابق صوبائی وزیر عبدالعلیم خان بھی ترین گروپ میں شامل ہوگئے تھے اور پنجاب میں گورننس پر سوال اٹھائے تھے۔

جہانگیر ترین گروپ نے عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کا مطالبہ  کیا  ہے جب کہ عثمان بزدار علیم خان کے خلاف کھل کر میدان میں آگئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.