Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید فوجی افسران کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید فوجی افسران کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے ۔ نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کوئٹہ گیریژن میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید اور بریگیڈیئر محمد خالد شہید کی نماز نمازہ ادا کی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی، وزیر اعلی میر عبدالقدوس بزنجو، صوبائی وزرا اور دیگر اہم و عسکری شخصیات کے علاوہ عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
بعد ازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دونوں فوجی افسران کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ آرمی چیف زیارت میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل لیئق بیگ مرزا شہید کے اہل خانہ سے بھی ملے۔
نماز جنازہ کے بعد لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید اور بریگیڈیئر محمد خالد شہیدکا جسد خاکی راولپنڈی روانہ کردیا گیا۔ واضح رہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے فوجی افسران لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، میجر جنرل امجد حنیف اور بریگیڈیئر محمد خالد کی نماز جنازہ آج شام ساڑھے پانچ بجے آرمی قبرستان راولپنڈی میں بھی ادا کی جائے گی، جس کے بعد شہدا کی پورے فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کی جائے گی۔
علاوہ ازیں میجر جنرل طلحہ منان کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کردی گئی، جس میں چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس اور کور کمانڈر راولپنڈی ساحر شمشاد نے بھی شرکت کی۔ دریں اثنا میجر محمد سعید کی نماز جنازہ لاڑکانہ میں ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی۔ نائیک مدثر فیاض کی نماز جنازہ شکر گڑھ نارووال میں ادا کی گئی۔ تینوں شہدا کی تدفین کے وقت انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں حادثے کا شکار ہونے والے پاک فوج کے لاپتا ہیلی کاپٹر کا ملبہ گزشتہ روز مل گیا تھا، جس میں سوار کور کمانڈر کوئٹہ سمیت تمام 6 افسران و جوانوں کی شہادت کی تصدیق کی گئی تھی۔ ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا تھا کہ حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.