پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کو حراست میں لینا شروع کر دیا۔ پولیس کی جانب سے زمان پارک کینال روڈ سے پی ٹی آئی کارکنوں کو حراست میں لیا جارہا ہے۔ پولیس کی جانب سے زمان پارک کے قریب واٹرکینن اور بھاری نفری پہنچادی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار کارکن بھی زمان پارک میں موجود ہیں، عمران خان کی رہائش گاہ کے سامنے پولیس اور کارکن آمنے سامنے آگئے، پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور کئی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف نے آج لاہور میں ریلی کا اعلان کر رکھا ہے، ریلی کے حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ریلی آئین اور عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لیے نکالی جائےگی۔ دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور میں احتجاج، دھرنے اور مظاہروں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے جس کا نفاذ آج سے ہوگا اور7 روز تک جاری رہےگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی لاہور میں ٹریفک اور سکیورٹی کی خراب صورتحال کے پیش نظر لگائی گئی ہے۔