اسلام آباد: پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف کیس کی سماعت آج ساڑھے 11 بجے ہوگی۔ سپریم کورٹ کے عملے کے مطابق جسٹس امین الدین کے بغیر بینچ کے سامنے کیس مقرر کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے کہا کہ بینچ کے رکن جسٹس امین الدین کچھ کہنا چاہتے ہیں۔ جسٹس امین الدین نے اپنے ریمارکس میں کیس کا حصہ بننے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے کے تناظر میں کیس سننے سے معذرت کرتا ہوں۔ جسٹس امین الدین کے بات کرنے کے بعد بینچ کورٹ روم سے چلا گیا۔ جسٹس امین کی معذرت کے بعد عدالت کا پانچ رکنی بینچ غیر فعال ہوگیا اور گزشتہ روز کیس کی سماعت نہ ہوسکی۔
پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین ہارون الرشید نے انکشاف کیا ہےکہ جسٹس قاضی فائز کا حکم 15 مارچ کا تھا جو اب سامنے آیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج کا آرڈر 15 مارچ کا تھا جو اب سامنے آیا ہے۔