اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کےخلاف کیس کی سماعت پولیس لائن گیسٹ ہاؤس میں ہوگی۔ خیبرنیوز کے مطابق نیوگیسٹ ہاؤس پولیس لائن کو ایک مرتبہ کے لیے عدالت کا درجہ دے دیا گیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق عمران خان کو ایف 8 اور جی 11 کے بجائےنیوگیسٹ ہاؤس پولیس لائن ہی میں پیش کیاجائےگا، ان کو احتساب عدالت اور جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیاجائے گا۔ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور پولیس لائنز پہنچ گئے، پولیس لائنزکے باہرکنٹینرز لگا دیےگئے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ عمران خان کو نیب آفس کے بجائےحفاظتی اقدام کے تحت پولیس لائن میں رکھا گیا ہے، ان کو گرفتاری کے بعد نیب آفس اورپھر نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق خصوصی عدالت میں داخلے کی رسائی عدالتی لسٹ کے مطابق ہوگی اور عمران خان کی پیشی کےحوالے سے کوریج کی اجازت جج صاحبان کی مرضی کے مطابق ہوگی۔ ذرائع کا بتانا ہےکہ نیب حکام عدالت سے عمران خان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کریں گے۔