اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری عامر محمودکیانی نے تحریک انصاف اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ اپنی پریس کانفرنس میں عامرکیانی نے پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔
عامر کیانی نے کہا کہ میرا افواج پاکستان کے ساتھ قریبی تعلق ہے، میرا عمران خان سے تعلق رہا ہے، ایک عرصے سے لاہور نہیں گیا، ہم ادارے اور ریاست کا حصہ ہیں، میانوالی کے واقعات میں بھی میرا نام ڈال دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات نے ذاتی طور پر مجھے تکلیف پہنچائی، میں نے کبھی افواج پاکستان کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا، ہماری بقا اللہ کے بعد فوج کے ساتھ جڑی ہے، جوان شہادتیں دے رہے ہیں، سب سے پہلے افواج کو ہٹ کیا گیا۔ عامر محمود کیانی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ میرا 27 سال کا سفر ہے، پارٹی کے ساتھ میں نے گزشتہ ماہ تک مسلسل کام کیا،میرے دادا اور خاندان آرمی سے تعلق رکھتے ہیں، نو مئی کے واقعات نے میرے اوپر بہت اثر کیا ہے،9 مئی کا واقعہ بہت تکلیف دہ تھا، 9 مئی قومی سانحے کا دن تھا۔
انہوں نے کہا کہ جس نہج پر صورتحال آچکی ہے اس سیاست میں شامل نہیں رہ سکتا، جب بھی مشکل پڑی ہے فوج نے جانوں کی قربانیاں دی ہیں، میں اب سیاست نہیں کروں گا، میں انسانی حقوق سے متعلق لوگوں کی جو خدمت کرسکا کروں گا۔ خیال رہےکہ عامر محمود کیانی این اے 61 سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ایم این اے منتخب ہوئے تھے، عامر محمودکیانی عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں، وہ پی ٹی آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور نارتھ پنجاب کے صدر بھی رہے ہیں۔