سپریم کورٹ نے سپریم کورٹ ریویو آف آرڈرز اینڈ ججمنٹس ایکٹ کالعدم قرار دے دیا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ ریویو آف آرڈرز اینڈ ججمنٹس ایکٹ کیس کا متفقہ فیصلہ سنایا گیا ہے، سپریم کورٹ ریویو ایکٹ آئین کے خلاف ہے جس کی تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ سپریم کورٹ کے مطابق ریویو آف آرڈرز اینڈ ججمنٹس ایکٹ سے متعلق کیس میں جسٹس منیب اختر نے اضافی نوٹ بھی تحریر کیا ہے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ ریویو ایکٹ پارلیمان کی قانون سازی کے اختیار سے تجاوز ہے، سپریم کورٹ ریویو ایکٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں لہذا اسے کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔ سپریم کورٹ ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈرز ایکٹ کےخلاف درخواستوں پر فیصلے کے لیے عدالت نے فریقین کو الیکٹرانک نوٹس بھجوائے تھے۔
یاد رہے کہ 19 جون کو چیف جسٹس پاکستان عمرعطابندیال،جسٹس منیب اختر اورجسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل بینچ نے کیس کی 6 سماعتیں کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
ایکٹ کے تحت آرٹیکل 184 تھری کے مقدمات کے فیصلے کے خلاف متاثرہ فریق کو اپیل کا حق دیا گیا تھا، اپیل سننے والے بینچ میں ججز کی تعداد مرکزی کیس سننے والے ججز سےزیادہ ہونا لازم ہے تاہم پی ٹی آئی سمیت انفرادی حیثیت میں وکلاء نے اس ایکٹ کو چیلنج کیا تھا۔
دوسری جانب وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہےکہ سپریم کورٹ ریویو آف آرڈرز اینڈ ججمنٹس ایکٹ کالعدم قرار دینے کے فیصلے سے نواز شریف کے کیس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ آئین میں طریقہ کار وضع ہے کہ اداروں نے کیسے چلنا ہے، عدالت کا کام کیسز کا فیصلہ کرنا ہے اور لوگوں کو انصاف فراہم کرنا ہے، پارلیمان کے اختیار میں عدالت کی بار بار مداخلت اچھی روایت نہیں، اس مداخلت سے ادارے مضبوط نہیں کمزور ہوں گے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے کیس میں اس فیصلے کا کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ پارلیمان 184/3کے تحت سزا پر نااہلی 5 سال کرنے کا قانون منظور کرچکی، الیکش ایکٹ میں ترمیم کے بعد نااہلی 5 سال سے زیادہ نہیں ہوسکتی، سیاست میں حصہ لینا بنیادی حق ہے، قانون سازی کے بعد سب اب 5 سال بعد سیاست کے لیے اہل ہوچکے ہیں،قتل یا ریپ کیسز میں سزا ہوتی ہے تو سزا کے 5 سال بعد سے آگے نااہلی نہیں جاتی۔