ملک کے مختلف شہروں میں بجلی چوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت حکام نے کئی مقامات سے ٹرانسفارمرز اتار لیے، سینکڑوں کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ درجنوں افراد گرفتار کرکے لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کردیے۔
بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کے دوران جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں 2 کروڑ 62 لاکھ روپے کی ادائیگیاں نہ کرنے پر 25 سے زائد ٹرانسفارمرزاُتارلیے گئے جبکہ 10 ڈیفالٹرز نے ڈھائی کروڑ روپے کے واجبات ادا کرکے اپنے کنکشنز بحال کروائے۔
فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 128 بجلی چور پکڑے گئے، 4 لاکھ 49 ہزار ڈی ٹیکشن یونٹس کی مد میں ایک کروڑ 38 لاکھ کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ بجلی چوری میں ملوث زرعی صارفین کے 17 ٹرانسفامرز بھی اتارے گئے۔
سرگودھا، بھکر، میانوالی اور خوشاب میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کے دوران 110 بجلی چوروں کو گرفتار کرکے مقدمات درج کر لیے گئے جبکہ منڈی بہاؤالدین اور گجرات میں 64 مقدمات درج کرکے 40 افراد کو گرفتار کیا گیا اور وہاڑی میں 123 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کر کے 6 کو گرفتار کیا گیا۔ سندھ میں حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) ریجن میں 267 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کرکے 29 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
حیسکو کی جانب سے آپریشن کے دوران اب تک 04 کروڑ 28 لاکھ 18 ہزار سے زائد جرمانہ عائد کرتے ہوئے 59 لاکھ 2 ہزار سے زائد رقم وصول کرلی گئی۔ حیسکوترجمان کے مطابق حیدرآباد میں بجلی چوروں کے خلاف مہم کے دوران نسیم نگر کے ایک پلازہ میں بجلی چوری پکڑی گئی، پلازہ میں تین، چار سال سے بجلی چوری کی جا رہی تھی، جس کی ماہانہ مالیت 35 لاکھ روپے بنتی تھی۔