مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف چار سال بعد آج وطن واپسی کے لیے دبئی ائیرپورٹ سے پاکستان روانہ ہوگئے۔ نواز شریف کو وطن واپس لانے کےلیے طیارہ ’امید پاکستان‘ ایک گھنٹہ 22 منٹ تاخیر سے 10 بجکر 42 منٹ پر دبئی ائیرپورٹ سے روانہ ہوا۔
نواز شریف کی دبئی سے اسلام آباد پرواز کا دورانیہ 3 گھنٹے 5 منٹ ہے جس کے تحت سابق وزیراعظم کا جہاز تقریباً دوپہر ڈیڑھ بجے اسلام آباد میں لینڈ کرے گا۔ میاں نواز شریف کے ہمراہ 148 مسافر خصوصی پرواز میں پاکستان آ رہے ہیں جب کہ لیگی رہنما عرفان صدیقی، ناصر جنجوعہ اور ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ سابق وزیراعظم کا خصوصی طیارہ دبئی سے اسلام آباد پہنچے گا جہاں سے وہ لاہور کے لیے روانہ ہوں گے۔
دبئی ائیرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ’ آج 4سال کے بعد پاکستان جارہا ہوں، بہت ہی اچھا ہوتا کہ آج 2017 کے مقابلے میں حالات بہتر ہوتے مگر دکھ کی بات ہے کہ ملک آگے جانے کے بجائے پیچھے چلا گیا، پاکستان میں اضطراب والے حالات ہیں جو پریشان کن ہیں اور حالات ہم نے بگاڑے بھی خود ہی ہیں اب ٹھیک بھی خود ہی کرنے ہیں‘۔
نواز شریف وطن واپسی پر لاہور میں مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کری گے جہاں وہ آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کریں گے۔ (ن) لیگ کے صدر شہبازشریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے مینار پاکستان کا دورہ کرکے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم ناز نے دعویٰ کیا ہےکہ جلسے کے مقام گریٹر اقبال پارک پر کارکنان کے لیے 40 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں۔