چارسدہ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف چارسدہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان کی رہائش پر جا کر ان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کی ۔وزیراعظم آفس سے جاری کردہ بیان کے مطابق اسفند یار ولی خان کی رہائش گاہ پر وزیراعظم شہباز شریف نے ان کے بیٹے اور اے این پی کے رہنما ایمل ولی خان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے مرحومہ کے لئے فاتحہ پڑھی اور بلندی درجات کی دعا کی ۔ وزیراعظم نے مرحومہ کے خاندان سے تعزیت کی اور ان کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔اس موقع پروزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وزیر اسٹیٹ اینڈ فرنٹیئر ریجنز امیر مقام اور سابق رکن قومی اسمبلی اور اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور ، سابق رکن صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا اختیار ولی بھی موجود تھے۔