خانپور پولیس کے مطابق انہوں نے ایک اہم قتل کا مقدمہ حل کر لیا ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔جرم میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی پولیس نےبرآمد کر لیا ہے۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہری پور کے ایس پی انویسٹی گیشن جمیل الرحمان، خانپور کے ڈی ایس پی محمد عزیر سمیت دیگر پولیس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ 16 مئی 2024 کو تھانہ خانپور نے خانپور ڈیم سے ایک لاش برآمد کی تھی۔ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302 کے تحت نامعلوم مجرم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ اس کےبعد مجرموں کو گرفتار کرنے کے لیے ایک تفتیشی ٹیم کی اس مقدمے کوحل کرنے کی ڈیوٹی لگائی گئی۔مقتول کی شناخت ثاقب شہزاد کے نام سے ہوئی،جو کہ لوسر شرفو، واہ ٹیکسلا میں رہائشی پزیر تھا۔متاثرہ کے بھائی محمد نذیر کی شکایت پر 18 مئی کو واہ صدر تھانے میں ملزم عدنان مظہر سمیت دیگر کے خلاف دفعہ 365 پی پی سی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
30 مئی کو ایک پیش رفت ہوئی جس میں شکایت درج کرانے والوں نے حمزہ عزیز اور عدنان مظہر پر اپنے بھائی کے قتل کا الزام لگایا۔ پولیس نے تفتیش کرتے ہوئے عزیز اور مظہر کو شک کی بنیاد پر گرفتار کر لیا۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے جرم کے محرکات کا اعتراف کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے شہزاد کو لوٹنے کی کوشش کی جس دوران جھگڑا بڑھ گیا،جس کی وجہ سے شہزاد کو قتل کردیا گیا۔قتل کے بعد ملزمان نے لاش کو خان پور ڈیم میں پھینک دیا۔پولیس نے ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا نائن ایم ایم پستول بھی برآمد کر لیا ہے۔