ذرائع کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے ضلع بنوں کی تحصیل وزیر کے علاقے تلگئی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی کی کارروائی کی گئی۔
آپریشن کے دوران ٹی ٹی پی کے ایک دہشت گرد کی شناخت عمر عرف مصطفیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔ سی ٹی ڈی نے ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیا۔
ہلاک دہشت گرد دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ اور فورسز پر حملوں سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب تھا۔
سی ٹی ڈی اہلکار نے بتایا کہ دہشت گرد کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) حافظ گل بہادر گروپ سے ہے۔