ذرائع کے مطابق پولیس نے پشاور میں رکشے میں سفر کرنے والی خواتین پر تیزاب پھینکنے کے حالیہ واقعے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
سی سی پی او پشاور کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم متاثرہ خاتون کے سابق شوہر کا ساتھی تھا۔پولیس اس حملے میں شامل ایک اور ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔دو روز قبل دو موٹر سائیکل سواروں نے رکشہ میں سفر کرنے والی خواتین پر تیزاب پھینک دیا تھا۔
یہ واقعہ پشاور کے ابدرہ روڈ پر پیش آیا، جہاں متاثرہ خاتون پانچ دیگر افراد کے ساتھ رکشے میں جا رہی تھی۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو موٹرسائیکل سواروں کو ایک رکشہ کا پیچھا کرتے ہوئے اور مسافروں پر تیزاب پھینکتے ہوئے دکھایا گیا جس سے وہ زخمی ہو گئے۔ حملہ آور ماسک پہنے ہوئے تھے اور حملے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔حملہ آوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی،جس کے مطابق تیزاب پھینکنے سے 28 سالہ خاتون اور ایک 15 سالہ لڑکی سمیت چار افراد زخمی ہوئے۔متاثرہ خاتون نے الزام لگایا کہ اس کا سابق شوہر اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا تھا اور اس کے پیچھے اس کا ہاتھ ہے۔