اسلام آباد(لیاقت علی خٹک)جی ایچ کیو راولپنڈی میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 97 ویں سالگرہ کی تقریب منعقد کی گئی، پاکستان اور چین کے تعلقات غیرمعمولی اور مثالی ہیں۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر،پاکستان میں چینی سفیر کا کہنا ہے کہ کوئی بھی طاقت پاک چین دوستی اور افواج کے درمیان بھائی چارہ ختم نہیں کر سکتی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی 97ویں سالگرہ کے سلسلے میں جی ایچ کیو راولپنڈی میں تقریب منعقد کی گئی جس میں چین کے سفیر جیانگ زی ڈانگ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
آئی ایس پی کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے چینی مہمانوں کا استقبال کیا، آرمی چیف نے پی ایل اے کو مبارکباد دی، چینی دفاع، سلامتی اور ملکی ترقی میں پی ایل اے کے تعاون کی تعریف کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات غیر معمولی ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور حمایت پر مبنی ہیں، پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں۔
اس موقع پر چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے پاکستان اور خطے کے امن و استحکام کےلیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ دہشت گردی سے نمٹنے کےلیے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں اور اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ کوئی بھی طاقت چین اورپاکستان کے درمیان آہنی دوستی اوردونوں افواج کے درمیان بھائی چارے کوختم نہیں کرسکتی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں چین کے دفاعی اتاشی، چینی سفارتخانے کے حکام اور مسلح افواج کے افسران نے بھی شرکت کی۔