پی ٹی آئی کے کل اسلام آباد جلسے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے اپنا جاری کردہ این او سی اچانک منسوخ کردیا۔
ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے انہوں نے جلسے کا دیا گیا اجازت نامہ منسوخ کردیا۔
اسلام آباد انتظامیہ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بنگلادیش کرکٹ ٹیم اسلام آباد میں ہے، اس حوالے سے شدید سکیورٹی تحفظات ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق جلسے کے ہجوم کو کنٹرول کرنا مشکل ہوجاتا ہے، چند دن قبل بھی مظاہرین سپریم کورٹ پہنچ گئے تھے، ان حالات میں جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے این او سی کینسل کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت عدالت نے دی ہے،کل ہر صورت جلسہ منعقد ہوگا ۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ کمشنر اسلام آباد نے وفاقی حکومت کی ہدایت پر ہمیں دیا گیا اجازت نامہ منسوخ کیا ۔ علی امین گنڈاپور نے ملک بھر کے پی ٹی آئی کارکنوں کو کل ہر صورت جلسے میں شرکت یقینی بنانے کی درخواست کی ہے ۔