پُونچھ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چودهری انوار الحق نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔
چودهری انوار الحق نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر کو بد ترین جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے وادی کشمیر اور جموں میں ہونے والے جعلی الیکشنز کو مسترد کر دیا ہے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں دس لاکھ سے زیادہ بھارتی قابض فوج شہری آزادی کا جنازہ نکال رہی ہے۔ کشمیر کا دیرینہ مسئلہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے گا۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اور کوئی فارمولہ زیر غور نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی یہ سوچے بھی نہ کہ کشمیر پر کوئی سوداہو سکتا ہے۔ خوشحال اور مضبوط پاکستان ہی مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی ضمانت ہے۔ آزاد کشمیر کے دفاع کے لیے مسلح افواج نے لا تعداد قربانیاں دیں ہیں،پاکستان کا قومی پرچم آزاد کشمیر کی بقاء کی علامت ہے۔
چودھری انوارلحق نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار ہونے والے این ٹی ایس (نیشنل ٹیسٹنگ سروس) کے ذریعے تعیناتیاں اگلے 10 دنوں میں کیے جائیں گے۔ عوام کے جائز مطالبات وفاقی حکومت کے بھر پور تعاون سے حل کئے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے لئے دیئے جانے والے پیکیج کے لئے ہم وفاقی حکومت خصوصاً وزیر اعظم پاکستان کے شُکر گزار ہیں۔
انھوں نے کہا کہ بھارتی دعوؤں کے منافی، مقبوضہ جموں و کشمیر میں کسی کی عزت محفوظ نہیں،آزاد کشمیر میں ہماری عوام آزاد فضا میں اور عزت سے زندگی گزار رہے ہیں۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہماری آزادی پاک فوج کے مرہون منت ہے، جو سرحدوں پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہے۔ پاکستان نے آپ کو سستی بجلی اور سستا آٹا فراہم کر دیا جو خُود پاکستان میں کسی کو بھی میسر نہیں۔ آپ کو جو شہری اور جمہوری آزادی میسر ہے وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے کسی بھی شہری کو میسر نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سید علی گیلانی جیسے عظیم کشمیری نے صرف ایک ہی نعرہ لگایا،ہم پاکستانی ہیں،پاکستان ہمارا ہے، اس موقع آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کیا ۔