آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت پانچ جوانوں سمیت شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد بھی ہلاک ہو چکے ہیں ۔
شہید ہونے والے جوانو ں میں لانس نائیک محمد اللہ، لانس نائیک اختر زمان، لانس نائیک شاہد اللہ، لانس نائیک یوسف علی، سپاہی جمیل احمد جام شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہیدکا تعلق فیصل آباد سے ہے، جنہوں نے سوگواران میں اہلیہ اور تین بیٹے چھوڑے۔
30 سالہ لانس نائیک محمد اللہ شہید کا تعلق ضلع خیبر، 30 سالہ لانس نائیک اختر زمان شہید کا تعلق لکی مروت، 29 سالہ لانس نائیک شاہد اللہ کا تعلق ضلع ٹانک، 31 سالہ لانس نائیک یوسف علی شہید کا تعلق لوئر اورکزئی، 26 سالہ سپاہی جمیل احمد شہید کا تعلق ضلع سوات سے ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں ، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، علاقے میں پائے جانے والے دیگر خارجیوں کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔