پاکستان میں پولیو کے مزید چار کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد رواں سال کیسز کی مجموعی تعداد 32 ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ سے 3 اور خیبرپختونخوا سے ایک کیس رپورٹ ہوا۔
تازہ ترین کیسز میں کراچی کے علاقے ملیر کی یوسی ابراہیم حیدری کا چھ سالہ بچہ شامل ہے۔
جیکب آباد کی یوسی تھل توشے سے ایک اور کیس رپورٹ ہوا، ڈیرہ اسماعیل خان کی یوسی مرگا میں 22 ماہ کے بچے میں پولیو کی تشخیص ہوئی۔
رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی جینیاتی تشخیص کا عمل جاری ہے۔
رواں سال بلوچستان سے 16، سندھ سے 10، خیبرپختونخوا سے چار، پنجاب سے ایک اور اسلام آباد سے ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے۔
پولیو کے کیسز میں مسلسل اضافے نے ملک میں ویکسینیشن کی کوششوں کے مؤثر ہونے کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے۔
صحت کے حکام نے حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت کا اعادہ کیا ہے اور والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے بچوں کو تمام تجویز کردہ ویکسین ملیں۔
پاکستان افغانستان کے ساتھ ساتھ ان دو ممالک میں سے ایک ہے، جہاں پولیو بدستور وبائی مرض ہے۔