اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا ،آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور سکیورٹی اداروں کے سربراہان سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کو شرپسندوں سے محفوظ رکھنے کے لیے رد الفساد فورس بنائی جائے گی، اجلاس میں شرپسندوں کی نشاندہی کے لئے اسلام آباد میں فرانزک لیب قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈہ پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا، 24 نومبر کے بعد ہونے والی صورتحال کے باعث شرپسند عناصر کےخلاف بھرپور قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت تمام شرپسندوں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے، اجلاس میں شرکا کو سکیورٹی کی مجموعی صورتحال کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔