پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ۔
راولپنڈی: احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کی سماعت کی ۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا ۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا نے حتمی دلائل مکمل کرلیے جبکہ نیب کے وکلا نے گزشتہ روز اپنے دلائل مکمل کیے تھے ۔
عدالت نے فریقین کے حتمی دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ،احتساب عدالت 23 دسمبر کو فیصلہ سنائے گی ۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا اور نیب نے ٹرائل کے دوران 35 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرائے۔ بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے گواہان پر جرح کی ۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں اہم گواہان سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان، سابق وزیر دفاع پرویزخٹک، سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے بھی بیان ریکارڈ کروایا۔