جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کی جانب سے حملہ کرنے کی کوشش کو پاک فوج نے اپنی بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا جس کے نتیجے میں نہ صرف قیمتی جانوں کا تحفظ ہوا بلکہ دہشت گردوں کو بھی منہ کی کھانی پڑی۔ حملے کے دوران ٹرین میں موجود مسافروں اور عملے کی طرف سے پاک فوج کے شجاعانہ اقدامات کی تعریف کی جا رہی ہے۔
ٹرین کے ڈرائیور نے اس حملے کے حوالے سے بتایا کہ "ہم جیسے ہی ٹرین کے انجن کے نیچے دھماکہ سنا، فوراً احساس ہوا کہ کچھ غلط ہو رہا ہے۔ پھر ریل کا بریک ڈاؤن ہو گیا جس کے بعد بی ایل اے کے دہشت گردوں نے حملہ کیا۔” ٹرین کے سیکورٹی گارڈ نے بتایا کہ "ہمیں لگا کہ یہ سب کچھ ختم ہونے والا ہے، لیکن ایف سی کی بروقت کارروائی اور پاک فوج کے کمانڈوز کی جانب سے کی جانے والی مدد نے ہماری جان بچائی۔”
بازیاب ہونے والے مسافروں نے اس آپریشن کی کامیابی پر پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، "ہم بہت خوف میں تھے اور دہشت گردوں نے دھماکے کے بعد ہمیں یرغمال بنا لیا تھا۔ لیکن پاک فوج کی آمد کے بعد ہمیں امید ملی اور ہم آج زندہ ہیں۔”
ایف سی کی بروقت کارروائی کے بعد، دہشت گردوں کو پسپائی اختیار کرنی پڑی اور حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ ایک بازیاب مسافر نے کہا، "پاک فوج کے حوصلے اور جانفشانی سے ہمیں بہت حوصلہ ملا، اور آج ہم سب محفوظ ہیں۔”
پاک فوج کے جوانوں کی دلیری اور قربانی کے باعث اس آپریشن کو ایک کامیاب ترین کارروائی قرار دیا جا رہا ہے، جس نے نہ صرف مسافروں کی زندگیوں کو بچایا بلکہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف ایک اور بڑی کامیابی حاصل کی۔