مردان: تحصیل کاٹلنگ میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑا آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا۔ ذرائع کے مطابق یہ کارروائی مکمل انٹیلیجنس بنیاد پر کی گئی، جس میں تین اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ آپریشن دو ماہ کی مسلسل ریکی کے بعد کیا گیا، جس پر ڈھائی کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی۔ حساس اداروں کی جانب سے آپریشن کی مکمل رپورٹ وفاقی حکومت کو ارسال کردی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، دہشت گرد کمانڈر کامران گجر نے اپنے بیس ساتھیوں کے ہمراہ کاٹلنگ کے پہاڑی علاقوں میں پناہ لے رکھی تھی۔ اس دوران علاقے میں موجود بعض مقامی افراد دہشتگردوں کو خوراک، پناہ اور دیگر سہولیات فراہم کر رہے تھے۔
آپریشن کے دوران ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی احتیاط سے کیا گیا، کیونکہ نشانہ بنائے گئے مکانات میں ایک ایک کمرے میں چار سے پانچ افراد رہائش پذیر تھے، اور کمروں کے درمیان فاصلہ بہت کم تھا، جس سے آپریشن کی نوعیت انتہائی حساس بن گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران کئی اہم دہشتگرد اور ان کے سہولت کار مارے گئے، جب کہ کچھ زخمی دہشت گردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ، ملاکنڈ میں مارے گئے چار دہشت گرد بھی اسی گروہ سے تعلق رکھتے تھے، جو کاٹلنگ سے فرار ہو کر چھپے ہوئے تھے۔
یہ آپریشن دہشتگردی کے خلاف ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے اور علاقہ مکینوں میں قدرے اطمینان کی فضا دیکھی جا رہی ہے۔