وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے جارحیت کرکے جو فاش غلطی کی، اس کا خمیازہ اب اسے ضرور بھگتنا ہوگا، شاید وہ سمجھ بیٹھے تھے کہ ہم پیچھے ہٹ جائیں گے لیکن وہ یہ بات بھول گئے کہ یہ بہادروں کی قوم ہے، جو اپنے عزم میں فولادی ہے، بھارت کو جن طیاروں پر غرور تھا وہ خاک بن چکے، ہمارے شاہینوں نے ان پر ایسی کاری ضرب لگائے کہ وہ چیخ اٹھے ۔
قوم سے اپنے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات پوری دنیا نے دیکھا کہ عددی اعتبار سے کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں صرف چند گھنٹے لگے اور اللہ کے فضل و کریم سے ہمارے شاہینوں نے فضا میں ایسا طوفان برپا کیا کہ دشمن چیخ اٹھا، بھارت کے 5 جنگی طیارے جو ان کا غرور تھے، اب صرف راکھ، ملبہ اور نشان عبرت بن چکے ۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا جس میں سکوارڈن لیڈر ایم ایم عالم کی گرج تھی، جو کل رات دوبارہ پورے زور سے گونجی اور ہمارے شاہینوں نے دشمن پر ایسی کاری ضربیں لگائیں، جو وقت کا مرہم بھی کبھی نہیں بھر سکے گا ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ابھی ایک بچے کی نماز جنازہ پڑھ کر آئے ہیں، اس کی عمر صرف 7 سال تھی، اپنی والدہ اور بھائی کے ساتھ گھر پر تھا کہ اسپرنٹر لگا اور وہ اللہ تعالیٰ کو پیارا ہو گیا، دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کہ ننھا پھول کھیلنے سے پہلے مرجھا گیا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہادت کے بلند رتبے پر ایسے ہی فائز ہونے والے ہمارے دوسرے عظیم پاکستانیوں کو قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے، اور پورا پاکستان ان شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہے اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہے ۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ان شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا ضرور حساب لیا جائے گا، یہ وہ بزدل دشمن ہے، جو نہتے انسانوں پر وار کرکے خود کو طاقتور سمجھتا ہے، لیکن گزشتہ رات ہم نے ثابت کر دیا کہ پاکستان اپنے دفاع میں منہ توڑ جواب دینا جانتا ہے ۔