اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے سعودی وزیرمملکت برائے خارجہ عادل الجبیر نے ملاقات کی اور موجودہ سکیورٹی صورتحال سمیت پاک بھارت کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا ۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز السعود کے ساتھ ساتھ ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے مزید فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا ۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے بھارت کے پاکستان کے خلاف میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی جس کی وجہ سےکئی بے گناہ شہری بشمول خواتین اور بچوں کی شہادت واقع ہوئی اور املاک کو نقصان پہنچا ۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کی بلا اشتعال اور بلا جواز جارحیت پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس جارحیت سے علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ وزیر اعظم نے پاکستان کی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے دفاع وطن میں مثالی حوصلے اور جرات کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر پر عزم ہے اور اسے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے مطابق اپنے دفاع کے لیے اقدامات لینے کا پورا پورا حق حاصل ہے۔ وزیراعظم نے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے اور علاقائی امن قائم کرنے کے لیے سعودی حکومت کی سفارتی کوششوں کو سراہا ۔
سعودی وزیر نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی ، اس دوران پاک بھارت کشیدگی سمیت پاکستان او سعودی عرب کے درمیان تعلقات اور دیگر اہم امور زیر غور آئے ۔