بیجنگ: نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بیجنگ میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے (IDCPC) کے وزیر لیو جیان چاؤ سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے امور پر چین کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات اور اسٹریٹجک تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر لیو جیان چاؤ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین پاکستان کا ہر موسم کا اسٹریٹجک پارٹنر اور آہنی دوست ہے اور چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو ہمیشہ ترجیح دے گا ۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی سیاسی جماعتوں اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ چین کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق انھیں دورے کی دعوت چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے دی تھی ۔
19 سے 21 مئی تک جاری رہنے والے اس دورے میں اسحاق ڈار چینی وزیر خارجہ کے علاوہ دیگر سینیئر چینی رہنماؤں سے جنوبی ایشیا کی بدلتی ہوئی صورتحال اور امن و استحکام کی کوششوں پر تبادلہ خیال کریں گے، اس کے علاوہ پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات، علاقائی و عالمی پیشرفت پر بھی بات چیت ہوگی ۔