لکی مروت میں محکمہ انسداد دہشت گردی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے ، ہلاک ہونے والے تینوں دیشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان ٹیپو گل گروپ سے تھا ۔
لکی مروت پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی نے مقامی پولیس کے ساتھ مل کر حرم تلہ گاؤں کے قریب بٹانی نیہ کے علاقے میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کیا ۔
پولیس نے بتایا کہ دہشت گردوں کا تعلق ٹی ٹی پی کے ٹیپو گل گروپ سے تھا اور وہ سی ٹی ڈی کے وحید اللہ، ٹریفک کانسٹیبل انور شیر اور کانسٹیبل ادریس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے ۔
پولیس نے مشتبہ دہشت گردوں کی شناخت وسیم اللہ عرف عمر خطاب، قدرت اللہ عرف ابوبکر اور ہجرت اللہ عرف ہجرت کے طور پر کی ہے ۔
ہلاک دہشتگرد لکی مروت کے علاقے گنڈی خان خیل، ہجرت اللہ اور سرائے گمبیلا ٹاؤن کے علاقے حرم تلہ کے رہائشی تھے۔
پولیس کے بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ دہشت گرد بنوں سی ٹی ڈی کو دیسی ساختہ بموں کے استعمال اور پولیس پر حملوں سمیت دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھے ۔