پشاور ہائیکورٹ نے اپوزیشن کی درخواست پر مخصوص نشستوں کے اراکین سے حلف لینے کے لیے گورنر خیبرپختونخوا کو نامزد کر دیا، مخصوص نشستوں کے 25 اراکین کل صبح 9 بجے حلف اٹھائیں گے ۔
پشاور:رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ کے پاس جمع کرائی گئی درخواست خیبرم پختونخوا اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کی جانب سے دائر کی گئی تھی ۔
اپوزیشن جماعتوں اور مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین نے مخصوص نشستوں کے اراکین سے حلف لینے کیلئے کسی فرد کو نامزد کرنے کی درخواست دائر کی تھی ۔
ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پختونخوا نے اس حوالے سے بتایا کہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مخصوص نشستوں پر کے پی اسمبلی میں منتخب ارکان سے حلف نہیں لیا گیا ۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ مخصوص نشستوں پر اراکین کی حلف برداری کے لیے کسی کو نامزد کریں ۔
اب چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس عتیق شاہ نے اپوزیشن کی درخواست پر مخصوص نشستوں کے منتخب اراکین کی حلف برداری کے لیے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو نامزد کر دیا ہے ۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے حکم دیا ہے کہ مخصوص نشستوں کے 25 اراکین کل صبح 9 بجے حلف اٹھائیں گے ۔