پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہنگو میں ایک کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ فالو اَپ آپریشن کے دوران ڈی پی او پر حملے میں ملوث انتہائی مطلوب دہشتگرد شاہ زیب کو ہلاک کر دیا گیا ۔
پولیس کے مطابق ڈی پی او ہنگو پر حملے میں ملوث خطرناک دہشتگرد شاہ زیب فالو اپ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں مارا گیا، پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ دوآبہ کی حدود نریاب میں گزشتہ روز دہشتگرد شاہ زیب کو گرفتار کیا گیا تھا، جو ایف آئی آر نمبر 35 کے تحت سی ٹی ڈی کو مطلوب تھا ۔
ڈی پی او پر حملے کے دوران زخمی ہو کر فرار ہونے والا دہشتگرد شاہ زیب 25 جولائی کی رات کیے گئے آپریشن میں اپنے انجام کو پہنچا، کارروائی میں ٹل اور دوآبہ پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا ۔
ترجمان کے مطابق گرفتار دہشتگرد نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ خوارج کمانڈر عمر عرف ابوبکر تورہ وڑی کے علاقے میں موجود ہے، جس پر پولیس نے کارروائی کی تو دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کردی، جوابی کارروائی کے دوران دہشتگرد شاہ زیب اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے مارا گیا ۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران تمام اہلکار محفوظ رہے، صرف پولیس گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا۔ ڈی پی او ہنگو پر حملے میں ملوث نیٹ ورک کی کمر توڑ دی گئی ہے اور مزید کارروائیاں جاری رہیں گی ۔