وزیراعظم شہباز شریف نےاسرائیلی کابینہ کی جانب سے غزہ شہر پر مکمل قبضے کے منصوبے کی منظوری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطرناک اشتعال انگیزی قرار دیا، انہوں نے کہا کہ یہ پہلے سے ہی تباہ کن جنگ میں خطرناک اضافہ ہے جو فلسطینی عوام کے خلاف جاری ہے ۔
اسلام آباد: اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہم اسرائیلی کابینہ کی جانب سے غزہ شہر پر غیر قانونی اور ناجائز قبضے کے منصوبے کی منظوری کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، یہ پہلے سے ہی تباہ کن جنگ میں خطرناک اضافہ ہے جو فلسطینی عوام کے خلاف جاری ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ فوجی کارروائیوں کے پھیلاؤ سے موجودہ انسانی بحران مزید سنگین ہو جائے گا اور خطے میں امن کے کسی بھی امکان کو نقصان پہنچے گا ۔
ان کا کہنا تھا کہ’ ہمیں اس المیے کی اصل وجہ کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، اور وہ ہے فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کا طویل عرصے سے جاری غیر قانونی قبضہ، جب تک یہ قبضہ جاری رہے گا، امن ایک خواب ہی رہے گا ۔
انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی غیر متزلزل حمایت کرتا رہے گا، جن میں حق خود ارادیت اور ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، اور یہ سب متعلقہ اقوام متحدہ اور او آئی سی قراردادوں کے مطابق ہو ۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل کی تاکہ اسرائیل کی بلاجواز جارحیت کو فوراً روکا جا سکے، بے گناہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے، اور غزہ کے عوام تک نہایت ضروری انسانی امداد پہنچائی جا سکے ۔