خیبر ٹیلیویژن اسلام آباد سے پیش کیا جانے والا طنز و مزاح سے بھرپور عوامی ڈرامہ سیریل سہ چل دے ناظرین میں تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔ یہ ڈرامہ ہفتہ وار نشر کیا جاتا ہے اور اپنے منفرد انداز کے باعث شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
پشاور (شوبز ڈیسک) کے مطابق اس سیریز میں معروف فنکار عبدالرزاق دلدار خان اور باصلاحیت اداکارہ پلوشہ اپنی شاندار پرفارمنس سے ناظرین کو محظوظ کر رہے ہیں۔ اگرچہ سہ چل دے کو تفریحی ڈرامہ کہا جاسکتا ہے، لیکن ہر قسط میں ایک ایسا پیغام بھی شامل ہوتا ہے جو ناظرین کو سوچنے پر مجبور کر دیتا ہے۔
ڈرامے میں معاشرتی خرابیوں اور مصنوعی رویوں کو مزاحیہ انداز میں اجاگر کیا جاتا ہے۔ ان میں غیر ضروری رسومات، نمود و نمائش، سستی شہرت کا جنون، اپنی حیثیت سے بڑھ کر اخراجات، مہنگے ملبوسات کا دکھاوا اور جھوٹی انا جیسے مسائل شامل ہیں۔ یہ تمام موضوعات ہلکے پھلکے اور تفریحی پیرائے میں اس طرح پیش کیے جاتے ہیں کہ ناظرین نہ صرف محظوظ ہوتے ہیں بلکہ ان کے اندر اصلاح کا جذبہ بھی پیدا ہوتا ہے۔
موجودہ دور کی نفسانفسی اور مادہ پرستی کے ماحول میں یہ ڈرامہ سیریل لوگوں کے لیے ذہنی سکون اور مسکراہٹ کا باعث بن رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سہ چل دے کو ناظرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔