گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے چلاس میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں پائلٹ اور معاون پائلٹ سمیت عملے کے 5 ارکان شہید ہوگئے ۔
آئی ایس پی آر نے دیامر میں آرمی ہیلی کاپٹر گرنے اور 5 شہادتوں کی تصدیق کی ہے ،شہید ہونے والوں میں میجر عاطف، میجر فیصل، نائب صوبیدار مقبول ، انجینئر حوالدار جہانگیر اور نائیک عامر شامل ہیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ فنی خرابی کا شکار ہونے کے بعد گر کر تباہ ہوگیا اور اس میں موجود عملے کے تمام ارکان شہید ہوگئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث لینڈنگ کی کوشش کے دوران گرا، ہیلی کاپٹر میں 2 پائلٹ اور 3 ٹیکنیکل سٹاف سوار تھے ۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر ٹھک داس چھاؤنی سے تقریباً 12 کلومیٹر دور ہڈور گاؤں کے قریب گرا ۔